نئی دہلی ، 6 ؍مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پونے کے بعد بنگلور میں بھی ٹیم انڈیا کی خراب کارکردگی کے بعد اب وراٹ کوہلی کی تنقید شروع ہو گئی۔آسٹریلیائی ٹیم کے سابق سلامی بلے باز اور موجودہ قومی سلیکٹر مارک وا نے کہا ہے کہ وراٹ اپنا دھیان مرکوز نہیں کر پا رہے ہیں اور ان کی منفی سوچ کا ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر اثر پڑ رہا ہے۔ویسے، ایسی باتیں اچانک سامنے آنا حیرانی کی بات ہے ،کیونکہ یہی وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے پہلے نہ صرف رنوں کا انبار لگا رہے تھے بلکہ اپنی متاثر کن قائدانہ صلاحیت سے ٹیم انڈیا کے لیے جیت حاصل کر رہے تھے۔بنگلور ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں کوہلی آسٹریلیائی آف اسپنر ناتھن لیون کی گیند پر مسلسل دوسری بار شاٹ نہیں کھیلتے ہوئے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔مارک وا نے فاکس اسپورٹس سے کہاکہ وہ ( کوہلی)اپنی توجہ مرکوز نہیں کر پا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پہلے والی گیند اچھل کر اس کے تھائی پیڈ پر لگی تھی اور وہ لیگ سائیڈ پر کھڑے دو کھلاڑیوں کو لے کر فکر مند تھے ،لیکن یہ ہندوستانی بلے بازوں کے لیے عام بات ہے، وہ معیاری کھلاڑی ہیں ،آپ لیگ سائیڈ پر شاٹ کھیل سکتے تھے۔مارک وا نے کہا کہ کوہلی بنیادی طور پر اسی طرح سے کھیل رہے ہیں جیسے ان کو نہیں کھیلنا چاہیے اور اس کا ٹیم پر اثر پڑ رہا ہے۔غور طلب ہے کہ مارک وااور آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو وا جڑواں بھائی ہیں، مارک وا نے کہاکہ یہ کوہلی کا طریقہ نہیں ہے، اس نے کہا تھا کہ ہمیں اس میچ میں زیادہ جذبے کے ساتھ کھیلنے کی ضرورت ہے لیکن وہ سب سے بڑی مثال ہے کہ ایسا نہیں کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ منفی طریقہ سے سوچ رہے ہیں کیونکہ بلے کے آس پاس کھلاڑی کھڑے ہیں، وہ سوچ رہیں ہیں کہ اگر گیند اچھلے گی ، تو بلے کا کنارہ لے گی، بلے باز کے طور پر آپ اس طرح نہیں سوچ سکتے۔مارک وا نے ساتھ ہی کہا کہ ہندوستانی بلے باز لیون اورا سٹیو اوکیفے کے خلاف کافی زیادہ دفاعی میں ہو گئے ہیں۔